ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہوناور بندرگاہ کاعلاقہ رات ہوتے ہی غیر قانونی دھندوں کا اڈہ بنتا جارہاہے؟: عوام نے اٹھائے کئی سوال

ہوناور بندرگاہ کاعلاقہ رات ہوتے ہی غیر قانونی دھندوں کا اڈہ بنتا جارہاہے؟: عوام نے اٹھائے کئی سوال

Thu, 27 Feb 2020 19:01:25    S.O. News Service

ہوناور:27؍فروری(ایس اؤ نیوز) دن بھر ماہی گیروں اور عوامی چہل پہل سے آباد رہنےو الا ہوناور بندرگاہ کا علاقہ رات ہوتے ہی غیر قانونی ریت سپلائی دھندے کا اڈہ بننے کا سنگین الزام عوامی سطح پر سننے میں آر ہاہے۔

محکمہ بندرگاہ کی تحویل والے علاقے میں کوسٹل سکیورٹی کا پولس تھانہ بھی ہے۔ بندرگاہ علاقے میں داخلے کے لئے گیٹ بھی ہے، 24گھنٹے کی سکیورٹی ہے، اس کے علاوہ پورے علاقے کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی ہیں۔ ان سب کے باوجود رات 10سے صبح 5بجے تک بغیر کسی روک ٹوک کے غیر قانونی طورپر ریت سپلائی کا دھندہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔

برائے نام نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمرے بارش کے موسم میں خراب ہوگئے تھے، جن کی درستی کے لئے اب ایک ہفتہ پہلے ٹینڈر بلایا گیا ہے۔ داخلہ گیٹ 24گھنٹے کھلا رہتاہے، اس تعلق سے سوال پوچھتے ہیں تو تیار شدہ جواب ملتاہے کہ سواریاں آتی جاتی رہتی ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے جان بوجھ کر بند کئے گئے ہیں، ریت سپلائی لاریوں کو آنے جانے میں سہولت ہو اسی لئے گیٹ کھلا رکھا جاتاہے، غیر قانونی دھندہ کرنےو الے بااثر ہونے کی وجہ سے کارروائی کے لئے محکمہ پس وپیش کرنےکی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

 ان سب وجوہات پر غور کرنے کے بعد عوامی سطح پر شبہ جتایا گیا  کہ کہیں غیر قانونی کارستانیوں کو انجام دینے کے لئے محکمہ بندرگاہ تعاون تو نہیں کررہاہے۔ ملک کے ساحلی کناروں پر سخت سکیورٹی کا بندوبست کرتے ہوئے کسی بھی انہونی حادثات کو روکنے کےلئے ہی سی سی ٹی وی کیمروں سے کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ لیکن ہوناور کی بندرگاہ بدنظمی کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے۔ وہیں سوال پیدا ہوتاہے کہ کیا اندرونی سکیورٹی کے لئے چیلنج دینے والے واقعات کا استقبال کیا جارہاہے۔

اس سلسلے میں بندرگاہ محکمہ کے افسرکا کہنا ہے کہ یہ سچ ہے کہ  سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہوئے ہیں۔ درستی کے لئے ٹینڈر بلایا گیا  ہے، بندرگاہ کے علاقے میں غیر قانونی کارستانیاں ہورہی ہیں ہمیں اس کی جانکاری نہیں ہے۔ ہوناور پنچایت کے ممبر شیوراج میستا کا کہنا ہےکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی درستی ہو، حسا س علاقے ہوناور بندرگاہ پر بے تحاشہ غیر قانونی ریت سپلائی کا دھندہ چل رہاہے۔قانون کے مطابق رات میں مصدقہ  ریت سپلائی بھی نہیں ہونی چاہئے، لیکن یہاں کوئی روک ٹوک نہیں ہے، جس کےنتیجےمیں ماہی گیروں کو نقصان پہنچ رہاہے، یہاں کوئی باقاعدگی کے ساتھ سکیورٹی نظام نہیں ہونے سے کوئی بھی حادثہ ہوسکتاہے، سب سے پہلے یہاں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو درست کرنےپر زور دیا۔


Share: